:
Breaking News

کمہرار کا انتخابی میدان گرم، کایست ووٹروں کی خاموشی توڑ دے گی سیاست کی بساط؟

top-news
https://maannews.acnoo.com/public/frontend/img/header-adds/adds.jpg

بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں جیسے جیسے تاریخ 6 نومبر قریب آ رہی ہے، پٹنہ ضلع کی کمہرار اسمبلی سیٹ پورے ریاستی منظرنامے کا سب سے دلچسپ مرکز بن چکی ہے۔ برسوں سے بی جے پی کا قلعہ سمجھی جانے والی یہ نشست اس بار غیر یقینی اور بے چینی کے طوفان میں گھری ہے۔

بی جے پی نے پانچ بار کے رکن اسمبلی ارون کمار سنہا کو ٹکٹ سے محروم کر کے نیا چہرہ سنجے کمار گپتا میدان میں اتارا ہے۔ مگر پارٹی کے اس فیصلے نے کایست ووٹ بینک کو شدید ناراض کر دیا ہے۔ تقریباً ایک لاکھ ووٹروں پر مشتمل یہ طبقہ برسوں سے بی جے پی کا مضبوط سہارا رہا ہے، مگر اب ان کے درمیان اختلاف کی سرگوشیاں تیز ہو گئی ہیں۔

دوسری جانب پراشانت کشور کی تنظیم "جن سوراج پارٹی" نے مشہور ریاضی داں پروفیسر کے۔ سی۔ سنہا کو امیدوار بنایا ہے۔ صاف ستھری شبیہ اور تعلیمی پس منظر رکھنے والے پروفیسر سنہا نے کمہرار کے سیاسی ماحول کو ایک نئی سمت دے دی ہے۔ کایست برادری کی متعدد تنظیمیں اور نوجوان سوشل میڈیا پر کھل کر ان کی حمایت میں آگے آ رہے ہیں۔
پروفیسر سنہا خود کہتے ہیں:
میں کسی ذات یا مذہب کی سیاست نہیں کرتا، میرے شاگرد ہر طبقے سے ہیں، اور ان کا اعتماد ہی میری سب سے بڑی طاقت ہے۔”

دوسری طرف مہاگٹھ بندھن کے تحت کانگریس کے اندردیپ چندرونشی بھی میدان میں ہیں، لیکن اصل مقابلہ بی جے پی اور جن سوراج کے امیدواروں کے درمیان سمجها جا رہا ہے۔

بی جے پی کو اب اپنے ہی گڑھ میں نقصان کے اندیشے ستا رہے ہیں۔ پارٹی نے بڑے کایست لیڈروں کو ناراض ووٹروں کو منانے کا ذمہ دیا ہے، مگر یہ کام آسان نظر نہیں آتا۔

پٹنہ شہر کے وہ تعلیم یافتہ ووٹر، جو عام طور پر انتخابی دن کو آرام یا تفریح میں گزارتے ہیں، اگر اس بار گھروں سے نکل آئے تو نتیجہ حیران کن ہو سکتا ہے۔

ایک سیاسی تجزیہ نگار کے الفاظ میں —کمہرار صرف ایک نشست نہیں، یہ آزمائش ہے کہ بی جے پی اپنی پرانی وفاداریوں کو قائم رکھ پاتی ہے یا ایک نیا چہرہ شہری سیاست کا چہرہ بدل دیتا ہے۔”بہار کی سیاست میں اس بار مقابلہ صرف ووٹوں کا نہیں، اعتماد اور تبدیلی کی لڑائی ہے — اور اس کی گونج سب سے زیادہ کمہرار میں سنائی دے رہی ہے۔

https://maannews.acnoo.com/public/frontend/img/header-adds/adds.jpg

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *