:
Breaking News

بہار میں اکھلیش یادو کا طوفانی انداز: “اب عوام حساب برابر کرے گی!”

top-news
https://maannews.acnoo.com/public/frontend/img/header-adds/adds.jpg

پٹنہ/چھپرا – بہار کے انتخابی میدان میں اتوار کے روز سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے زبردست ہلچل مچا دی۔ سرائے رنجن، سیتامڑھی اور چھپرا میں ایک کے بعد ایک ریلیوں میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مہاگٹھ بندھن کے امیدواروں کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی۔ جلسوں میں اکھلیش یادو کا انداز جارحانہ اور بات دو ٹوک تھی — “بی جے پی اور نتیش کمار نے بہار کو صرف غربت، بے روزگاری اور ہجرت دی ہے۔ اس بار عوام ان سے حساب لے گی!”
چھپرا میں، جہاں مشہور بھوجپوری اداکار خیساری لال یادو میدان میں ہیں، اکھلیش نے عوامی جوش دیکھ کر کہا: “اس بار چھپرا والے خیساری کو چھپر پھاڑ کر جتائیں گے! تیجسوی یادو وزیراعلیٰ بنیں گے، نوجوانوں کو روزگار ملے گا، ماؤں بہنوں کو 2500 روپے ماہانہ، 200 یونٹ مفت بجلی اور 500 روپے میں سلنڈر دیا جائے گا۔”
بی جے پی پر حملہ بولتے ہوئے انہوں نے کہا، “بی جے پی جھوٹ بولنے اور دھوکہ دینے والی پارٹی ہے۔ ہر انتخاب میں وعدے بدل جاتے ہیں، مگر عوام اب دھوکہ نہیں کھانے والی۔”
اکھلیش یادو نے یوپی–بہار کے رشتے کو ترقی کی علامت بتاتے ہوئے کہا، “جب تیجسوی بہار میں سڑکیں بنائیں گے، ہم لکھنؤ سے ان سڑکوں کو جوڑیں گے۔ یوپی اور بہار مل کر دلی سے ترقی کی شاہراہ بنائیں گے۔”
بہار آنے سے پہلے اکھلیش یادو نے بی جے پی کو بے روزگاری پر گھیرتے ہوئے کہا تھا کہ، “نوکری کبھی بی جے پی کے ایجنڈے میں رہی ہی نہیں، اسی لیے بہار سے ہجرت بڑھتی گئی۔ جب ہم نے ایکسپریس وے بنایا، تب وہ کہتے تھے ممکن نہیں، اور آج اسی سڑک پر وزیراعظم فخر سے جہاز اتارتے ہیں۔”
اکھلیش یادو کا یہ دورہ صرف انتخابی مہم نہیں بلکہ ایک سیاسی پیغام ہے — کہ سماجوادی سیاست اب بہار میں بھی نئی زمین تلاش کر رہی ہے۔ ان کا لہجہ صاف ہے: یہ انتخاب صرف ووٹ کا نہیں، عزت اور وعدے کا حساب ہے۔

https://maannews.acnoo.com/public/frontend/img/header-adds/adds.jpg

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *